ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 75 کروڑ 80لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتنے والی خاتون نے نوکری چھوڑ دی

75 کروڑ 80لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتنے والی خاتون نے نوکری چھوڑ دی

Sat, 26 Aug 2017 16:29:18    S.O. News Service

نیویارک،25اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی، یعنی تقریباً 75کروڑ 80لاکھ ڈالر کی لاٹری جیتنے والی خاتون میڈیا کے سامنے پیش ہوئیں جنھیں انعام سے نوازا گیا ہے۔دو بچوں کی ماں 53سالہ میوس ونسزیک نے اس لاٹری کا ٹکٹ میساچوسٹس کے شہر چیکوپی کے ایک پیٹرول پمپ سٹیشن سے خریدا تھا۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جیتنے کے فوراً بعد انھوں نے ملازمت چھوڑ دی ہے۔ان کی اس کامیاب لاٹری ٹکٹ کا نمبر 6، 7، 16، 23، 26، اور 4تھا۔میوس کو اس انعام میں سے ٹیکس اور دیگر اخراجات نکالنے کے بعد مجموعی طور پر 44کروڑ 33لاکھ ڈالر ملیں گے۔امریکی تاریخ میں انفرادی طور پر جیتی گئی انعامی رقم کی مناسبت سے یہ اب تک کی سب سے بڑی لاٹری ہے۔اس سے قبل گذشتہ برس جنوری میں جو سب سے بڑی لاٹری جیتی گئی تھی اس کی انعامی رقم تقریباً ایک ارب 60کروڑ ڈالر کی تھی لیکن یہ رقم مشترکہ طور پر جیتنے والے تین افراد میں تقسیم کی گئی تھی۔میساچوسٹس سٹیٹ لاٹری نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بدھ کی شب والے مذکورہ کامیاب ٹکٹ کی توثیق کر دی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں میوس وانسزیک نے کہا: 'پہلی چیز تو یہ ہے کہ میں بس بیٹھ کر آرام کرنا چاہتی ہوں۔ میرا ایک طویل خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے اپنی لاٹری کے نمبر مختلف تواریخ پیدائش کی مناسبت سے خریدے تھے۔وہ ایک میڈیکل سینٹر میں گذشتہ 32برسوں سے کام کر رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے انھیں فون کر کے بتا دیا ہے کہ اب میں کام پر واپس نہیں آؤں گی۔جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ وہ اس دولت کا کیا کریں گی، تو اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے کچھ ماہ قبل ہی ایک اچھی کار خریدی تھی اور اب اس کا قرضہ مکمل طور پر ادا کریں گی۔اس لاٹری کی انعامی رقم میں سے 50ہزار ڈالر لاٹری فروخت کرنے والے کو دیے جائیں گے اور پیٹرول سٹیشن کے مالک باب بالبک کا کہنا ہے کہ یہ رقم خیراتی ادارے کو دی جائے گی۔
 


Share: